لاہور: پاکستانی ڈارمہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر نکاح کے بندھن میں بندھ گئے۔
فلک شبیر اور سارہ کے نکاح کی تقریب ایک روز قبل ہوئی جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ ازدواجی بندھن میں بندھنے کے فوراً بعد ہی اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنا نام تبدیل کر کے اسے ’مسز فلک‘ کرلیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دو روز قبل فلک شبیر اور سارہ علی خان نے منگنی کی تصدیق کی تھی جس کے بعد اُسی رات مایوں کی تقریب ہوئی اور گزشتہ روز دونوں کا نکاح ہوا۔
Her laugh makes me happy! 🥰 pic.twitter.com/NbKCnY022Q
— Falak Shabir (@FalakShabir1) July 17, 2020
اداکارہ اور گلوکار نے تاحال نکاح کی کوئی تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شئیر نہیں کی البتہ تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں نے اپنے کیمروں میں جو قیمتی لمحات محفوظ کیے انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
سوشل میڈیا پر سارہ اور فلک شبیر کے نکاح کی وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار اپنی ہونے والی اہلیہ سارہ کے لیے گانا گا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل سارہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مداحوں کو سرپرائز دیا تھا کہ انہوں نے شادی کے لیے ہاں کردی۔ اس پوسٹ کے کچھ دیر بعد انہوں نے اپنے دلہا یعنی فلک شبیر کا نام بھی خود ہی بتا دیا تھا۔
منگنی کی تقریب کے فوراً بعد ہی دونوں کے اہل خانہ نے شادی کی تقریبات کا آغاز کردیا تھا، ابھی تک یہ بات سامنے نہیں آسکی کہ منگنی اور فلک شبیر کا اظہار محبت طے شدہ تھا یا یہ سب کے لیے سرپرائز تھا کیونکہ انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں یہ تاثر دیا گیا ہے کہ فلک شبیر نے اچانک ہی شادی کی پیش کش کی۔
انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی تقاریب کی ویڈیوز میں دونوں کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کو دیکھا جاسکتاہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 7 جولائی کو اداکار و پروڈیوسر سید صائم علی شاہ اور اداکارہ حنا الطاف شادی کے بندھن میں بندھے جبکہ اُس سے چند روز پہلے فریال محمود اور دانیال راحیل میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔