قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سابق کپتان سرفراز احمد نے فرنچائز کے مالک ندیم عمر کے ساتھ تصویر شیئر کرکے یہ اعلان کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ’کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ میرا وقت ختم ہوگیا ہے اور مجھے اس بات پر فخر ہے کہ اس ٹیم کے ساتھ میرا 9 سال کا سفر شاندار اور خوبصورت رہا۔
سرفراز نے کہا کہ میں ندیم بھائی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھے اپنی ٹیم کے لیے کھیلنے کا موقع دیا اور وہ سب کچھ فراہم کیا جس کی مجھے بطور کھلاڑی اور کپتان ضرورت تھی، میں اس وقت ان کی حمایت کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔
سابق کپتان نے کہا کہ میری نیک تمنائیں ہمیشہ ٹیم کے ساتھ رہیں گی اور آخر میں ٹیم مینجمنٹ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ سرفراز احمد لیگ کے آغاز سے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے وابستہ تھے، انہیں فرنچائز نے رواں ماہ کے شروع میں ریلیز کیا تھا۔
سرفراز نے گلیڈی ایٹرز کے لیے 86 میچز کھیلے اور 7 نصف سنچریوں کی مدد سے 29.32 کی اوسط سے 1525 رنز بنائے، 2019 میں سرفراز کی قیادت میں کوئٹہ نے پہلا ٹائٹل جیتا تھا۔