قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے افغان کرکٹ ٹیم کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان ٹیم سیمی فائنل یا ٹاپ فور میں آسکتی ہے۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہرلمحہ پُرجوش میں بحیثیت مہمان گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ٹیم تین چار سال میں کافی بہتر کرگئی ہے، میں سمجھتا ہوں افغان ٹیم سیمی فائنل یا ٹاپ فور میں آسکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی جیتے ہوئے 8سال ہوگئے ہیں، افتتاحی تقریب میں وائٹ کوٹ پہن کر اچھا لگا.
سرفرازاحمد نے کہا کہ افتتاحی تقریب میں وائٹ کوٹ پہنا تو لگا کیریئر میں کچھ اچیو کیا ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ وہ ہماری زندگی میں ایسا لمحہ لایا۔
سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ بطور کرکٹر تنقید پر دھیان نہیں دینا چاہیے، بڑے کرکٹر کو میچ سے قبل ایسی باتیں نہیں بولنی چاہئیں۔ میرے نام پیغام دینے پرمکی آرتھر کاشکریہ ادا کرتا ہوں۔
اس موقع پر سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے مگر بڑی بڑی باتیں نہیں بولنی چاہئیں، کرکٹ ہے کبھی آپ جیت جاتے ہیں کبھی ہم، بابراعظم کو ون ڈے کرکٹ میں اوپنر بھیج کرضائع کیا جارہا ہے۔
ہرلمحہ پرجوش میں پاکستان ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھرکا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا، جس میں انہوں نے سرفراز احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہیلو کپتان سرفراز،2017کیسا وقت تھا ایک بار پھر مبارکباد دیتا ہوں۔
مکی آرتھر نے کہا کہ آپ کیلئے، لڑکوں کیلئے ایک شاندار ٹورنامنٹ کیلئے آپ کی قیادت شاندار تھی، بطور کوچ ہمارا رشتہ بہترین تھا اور لڑکوں پراعتماد اور جیتنے کیلئے بھی اہم تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مبارک کو آپ کو دیکھ کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے، آپ نے پاکستان کرکٹ کیلئے جو کچھ کیا اس کیلئے آپ مکمل اسٹار ہیں۔