سابق کپتان سرفراز احمد نے عمر اکمل کا کیریئر تباہ کرنے کے سوال کا جواب دے دیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں سرفراز احمد نے کہا کہ عمر اکمل میرے ساتھ زیادہ نہیں کھیلے وہ ایک یا دو ٹی 20 سیریز کھیلے ہیں پھر چیمپئنز ٹرافی میں وہ ٹیم کا حصہ تھے لیکن فٹنس ٹیسٹ کے معیار پر وہ پورا نہیں اترسکے۔
انہوں نے کہا کہ عمر کو لگتا ہوگا جب مکی آرتھر کوچ بنے تھے ٹیم آسٹریلیا کا دورہ کرکے آئی تھی، ہیڈ کوچ نے قانون بنایا تھا کہ جو بھی لڑکا فٹنس ٹیسٹ پاس کرے گا وہی ٹیم میں شامل ہوگا۔
سرفراز نے کہا کہ عمر کو اس لیے لگتا ہوگا کہ چیمپئنز ٹرافی میں وہ ٹیم میں شامل نہیں تھے، جب عمر اکمل کا 2019 میں کم بیک ہوا تھا وہ میری بھی آخری سیریز تھی اس کے بعد میں اور عمر دونوں ڈراپ ہوگئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عمر کو لگتا ہے کہ اس کی کرکٹ باقی ہے تو اسے بالکل کھیلنا چاہیے، انہوں نے ماضی میں ٹیم کے لیے شاندار کارکردگی دکھائی ہے وہ ڈومیسٹک میں پرفارم کرکے ٹیم میں شامل ہوسکتے ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اشتہار کرنا چاہیے کیونکہ وہ سیریز کے دوران نہیں ہوتا اس سے کرکٹ کے متاثر ہونے کا کوئی اندیشہ نہیں ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ بھارت سے شکست کے بعد ایک مومن ثاقب نے ٹی وی پر آنے کے لیے ڈرامے بازی کی تھی اس کے بعد اسے کام مل گیا تو اس کی گفتگو کا انداز بھی بدل گیا، جو بھی ویڈیوز آئی تھیں وہ میچ سے ایک رات پہلے کی نہیں تھی وہ پرانی تھیں جو وائرل ہوگئیں۔