لندن : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی تضحیک کرنے والے نوجوان نے اپنی حرکت پر معافی مانگ لی، سوشل میڈیا پر صارفین نے اس کی معافی مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت سے شکست کے بعد پاکستانی کپتان کی لندن میں تضحیک کی گئی۔ لندن کے شاپنگ مال میں ایک نوجوان نے سرفراز احمد پر نازیبا جملے کسے اورپھر ویڈیو سوشل میڈیا پراپ لوڈ کردی۔
سرفراز احمد نے قوت برداشت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اسے کچھ نہیں کہا لیکن سوشل میڈیا پر کپتان کے چاہنے والوں نے بدسلوکی کرنے والے شخص کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ٹوئٹرپر ’پاکستان لو سرفراز‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ ردعمل دیکھ کر نوجوان کی عقل بھی ٹھکانے آگئی، صارفین کی جانب سے سخت ردعمل کے بعد اس نوجوان نے اپنی حرکت پرمعافی مانگ لی۔
معافی کی ویڈیو میں اس کا کہنا تھا کہ میں اپنی غلطی کااعتراف کرتا ہوں، میں نے سرفراز احمد کو جو کچھ کہا وہ جائز نہیں تھا ویڈیو بنانے کے بعد ڈیلیٹ کردی تھی، نہ جانے وہ کیسے اپلوڈ ہوگئی۔
نوجوان کے بیان کے بعد بھی سوشل میڈیا پرلوگوں نے اس کی معافی مسترد کردی۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ایسے لوگ معافی کے قابل نہیں ہیں ایک صارف نے تو برطانیہ کی پولیس سے نوجوان کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کردیا۔ صارفین کہتے ہیں کھیل پر تنقید کریں کھلاڑی کی تضحیک نہ کریں۔