دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ امید تھی کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ جیت جائیں گے، کوشش کی مگر بدقسمتی سے نتیجہ ہمارے حق میں نہیں آیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف دبئی ٹیسٹ ڈرا ہونے پر کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے کہا ہے کہ میچ جیتنے کی امید تھی، عثمان خواجہ نے اچھی بیٹنگ کی اور وہ پاکستان کے میچ جیتنے میں رکاوٹ بنے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے سیکھنے کو ملتا ہے، کھلاڑیوں کو اپنی غلطیوں پر سبق سیکھنا ہوگا، محمد عباس کاؤنٹی کھیل کر دبئی کی وکٹ پر کھیلے انہوں نے وکٹ کو سمجھ کر اچھی بولنگ کی۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم کے مطابق بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں سیکھنے کے مراحل میں ہیں، بلال آصف نے خود کو اچھا بولر ثابت کیا ہے، حارث سہیل، محمد حفیظ اور اسد شفیق نے اچھی اننگز کھیلیں۔
یاسر شاہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ یاسر شاہ ایک سال بعد واپس آئے ہیں تھوڑا مارجن دینا چاہئے وہ ہمارے اہم بولر ہیں امید ہے اگلے میچ میں کم بیک کریں گے۔
مزید پڑھیں: آسٹریلیا کا شان دار کم بیک، سنسنی خیز مقابلے کے بعد دبئی ٹیسٹ بے نتیجہ ختم
واضح رہے کہ دبئی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری پہلا ٹیسٹ عثمان خواجہ کی شاندار 141 رنز کی اننگز کی بدولت بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔