اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ افغانستان میں داعش کے بڑھتے اثر و رسوخ سے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ داعش کا افغانستان میں بڑھتا اثر و رسوخ دونوں ممالک کے تعلقات متاثر کر سکتا ہے۔
سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغانستان اور ایران ہمارے دشمن نہیں۔
بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت میں بھارت کی درخواست اور عالمی عدالت کے دائرہ اختیار کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ان کے مطابق اس سے متعلق ایک دو روز میں دفتر خارجہ بیان جاری کرے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر عملدر آمد رکوانے کے لیے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: کلبھوشن کے لیے بھارت نے عالمی عدالت سے رجوع کرلیا
انہوں نے کہا تھا کہ سینئر وکیل ہارش سلیو عالمی عدالت انصاف میں بھارت کی نمائندگی کریں گے اور عالمی عدالت سے کلبھوشن یادیو اور ان کے اہل خانہ کو انصاف دلوائیں گے۔
پاکستانی شہری سے شادی کرنے والی بھارتی خاتون عظمیٰ کے متعلق مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا مسئلہ سفری دستاویزات کا نہیں بلکہ قانونی ہے۔ قانونی پیچیدگیاں دور ہوتے ہی عظمیٰ کو بھارت بھیج دیا جائے گا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔