ریاض: سعودی عرب میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے اعلان کے بعد ان ممالک کی فہرست تیار کی جارہی ہے جہاں کا سفر محفوظ یا غیرمحفوظ ہوگا۔
سعودی محکمہ شہری ہوابازی کے ماتحت خصوصی کمیٹیاں جلد ہی ان ممالک کے ناموں کا اعلان کریں گی جو سفر کے لیے نامناسب ہوں گے جبکہ ایسے بھی نام ہوں گے جنہیں محفوظ قرار دیا جائے گا۔
محکمہ کے ترجمان ابراہیم الرؤسا کا کہنا ہے کہ خصوصی کمیٹیاں سفر کے لیے محفوظ اور غیرمحفوظ ممالک کی فہرست تیار کر رہی ہیں، جبکہ ہر مسافروں کے لیے لازم ہے وہ سفر سے قبل ان ممالک کی سفری ہدایات پڑھ لیں جہاں وہ جانا چاہتے ہیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی بھی پیش نہ آئے۔
انہوں نے کہا کہ تمام لوگ اپنے سفر کو محفوظ اور مفید بنانے کے لیے متعلقہ ملک کی ہدایات کی پابندی کریں۔
خیال رہے کہ سعودی حکومت نے 2 مئی کو اعلان کیا تھا کہ مقامی شہریوں پر عائد بیرون ملک سفر کی پابندی 17 مئی سے ختم کردی جائے گی لیکن اس دوران غیرملکیوں پر عائد سفری پابندی کے خاتمے اور مملکت آمد سے متعلق کوئی بات نہیں کی گئی۔
سعودی عرب: غیرملکیوں کیلئے بھی سفری پابندی کا خاتمہ؟ اب مملکت آسکتے ہیں؟
سعودی حکومت نے واضح کردیا ہے کہ 17 مئی کے بعد سے سعودی شہری بیرون ملک سفر کرسکیں گے، اس سے قبل پروازوں کے لیے خصوصی طور پر وزارت داخلہ سے اجازت نامہ لینا پڑتا تھا۔