تازہ ترین

سعودی حکومت نے خواتین کو بڑی سہولت فراہم کردی

ریاض : سعودی حکومت نے ملازمت کرنے والی خواتین کیلئے ایک بڑی سہولت کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ان کو ہر سفری ٹکٹ پر 80فیصد تک رعایت میسر ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ فنڈ (ہدف) نے سعودی عرب میں ٹرانسپورٹیشن سپورٹ پروگرام "وصول” کے ساتھ رجسٹرڈ سعودی ملازم خواتین کے لیے امداد ی سکیم کی مدت میں 12 ماہ کی بجائے 24 ماہ تک توسیع کر دی ہے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے نئے طریقہ کار کے مطابق امداد سے مستفید ہونے والی خواتین ہرسفر کی ٹکٹ پر 80فیصد کی رعایت حاصل کرسکتی ہیں۔

اس رعایتی سکیم کے تحت 6 ہزار ریال سے کم تنخواہ پانے والی خواتین کو ماہانہ 1100ریال کی امداد حاصل ہو سکے گی۔
اس کے علاوہ 6 ہزار سے 8 ہزار ریال ماہانہ اجرت پر کام کرنے والی خواتین کے لیے یہ امداد 800 ریال ماہانہ تک ہوگی۔

سعودی وزارت نقل و حمل کے ذریعہ یہ خدمت لائسنس یافتہ کمپنیوں کو فراہم کی جارہی ہے تا کہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور اعلی معیار کی خدمات کو برقرار رکھا جاسکے۔

وصول پروگرام میں اس خدمت کے لیے مملکت کے 13 علاقوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ان میں ریاض ، مکہ مکرمہ ، الشرقیہ ریجن ، مدینہ منورہ ، تبوک ، عسیر ، قصیم ، حائل ، جازان ، شمالی سرحد ، نجران ، الجوف اور الباحہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ نجی شعبے میں کام کرنے والی خواتینhttp://wusool.saکے ذریعے اپنی رجسٹریشن کراسکتی ہیں۔

Comments

- Advertisement -