ریاض : سعودی عرب نے ان غیر ملکی افراد کو حکومتی فیس، ٹریفک جرمانے اور ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا ہے جو مستقل طور پر اپنے وطن واپس جانا چاہتے ہیں، ان افراد کا تعلق پانچ ممالک سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پانچ ممالک کے وہ افراد جو مستقل طور پر اپنے ملک واپس جانا چاہیں تو ان سے حکومتی فیس، جرمانے اور ٹیکس کی رقم وصول نہیں کی جائے گی.
ان ممالک میں ایتھوپیا، صومالیہ، نائیجیریا، چاڈ اور اریٹریا کے غیر قانونی تارکین وطن شامل ہیں، ان افراد کو وطن واپسی پر تمام فیسوں سے استثنیٰ دیا جائے گا۔
اس حوالے سے سعودی حکومت نے ان ممالک کے غیر قانونی تارکین وطن کو اپنے ملک واپس جانے کے لیے تین ماہ کی مہلت دی ہے اور کہا ہے کہ ان پر تمام جرمانے اور ٹیکسز معاف ہیں بشرطیکہ وہ مستقل طور پر اپنے وطن واپس چلے جائیں۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ مہلت مکہ ریجن میں مقیم مذکورہ ممالک کے تارکین وطن کے لیے ہے اور اس کی مدت حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑھائی بھی جا سکتی ہے، اس کے علاوہ یہ پیشکش دیگر علاقوں میں مقیم ان ممالک کے تارکین کو بھی دی جاسکتی ہے۔
سعودی حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس مہلت سے فائدہ اٹھانے والوں پر واجب الادا فیس، جرمانے اور ٹیکس قرض کے طور پر درج کیے جائیں گے اگر وہ نئے ویزے پر سعودی عرب واپس آنا چاہیں تو اس وقت انہیں یہ رقم ادا کرنا ہوگی۔