ریاض: سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے نجی کمپنیوں و اداروں کے ملازمین کی چھٹیوں کے حوالے سے قوائد وضوابط جاری کیے ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مملکت کی وزارت افرادی قوت نے بتایا کہ کارکن ہر سال کم سے کم 21 روز کی چھٹی کا استحقاق رکھتا ہے، اگر مسلسل پانچ سال تک کسی آجر کے پاس کام کرنے کی صورت میں سالانہ چھٹی 30 ہوجائے گی، اس دوران تنخواہ سے کٹوتی بھی نہیں کی جاتی۔
‘آجر چھٹیوں کا دورانیہ تقسیم بھی کرسکتا ہے تاکہ کام کی رفتار کو مستحکم رکھا جاسکے، اجیر آجر کی منظوری سے اپنی مکمل سالانہ چھٹی یا اس کے چند روز اگلے سال منتقل کر سکتا ہے۔’
آجر کو حق ہے کہ وہ چھٹی کے استحقاق کے سال کے اختتام پر کارکن کی چھٹی ڈیوٹی کی ضرورت کے تحت زیادہ سے زیادہ 90 دن تک ملتوی کر سکتا ہے۔
سعودی وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ نجی کمپنیوں و اداروں کے کارکنان کو ہر سال عید الفطر کے موقع پر چار دن کی چھٹی کا حق حاصل ہوتا ہے، شروعات ام القریٰ کیلنڈر سے 29 رمضان کے اگلے روز سے ہوتی ہے، عید الضحیٰ کے موقع پر ملازمین کی چار چھٹیاں بنتی ہیں۔
اسی طرح ملازمین کی یوم الوطن کی بھی چھٹیاں ہوتی ہیں، اگر تہواروں اور مناسبتوں کی تعطیلات بیماری کی چھٹی کے دوران آجائیں تو ایسی صورت میں کارکن کو چھٹیوں کے ان ایام کا مکمل معاوضہ دیا جائے گا۔