پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

سعودی عرب میں اذان اور تلاوت قرآن کے عالمی مقابلے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض : حکام کی جانب سے حسن تلاوت قرآن کریم کے عالمی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے خوش نصیبوں میں 12 ملین ریال کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام اذان اور حُسنِ تِلاوت قرآن کریم کے بین الاقوامی مقابلے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس مقابلے میں پوری مُسلم دنیا کے موذن اور قراءحضرات شرکت کرسکتے ہیں۔

عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مقابلہ جیتنے والے خوش نصیبوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ ریال کے نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

امریکی کرنسی میں انعامی رقم کی مالیت 32 لاکھ ڈالرسےزیادہ ہے۔ خیال رہے کہ سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی طرف سے رواں سال جنوری میں اس مقابلے کا اعلان کیا گیا تھا۔

عرب ٹی وی کے مطابق تفریحی ادارے کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے حسن تلاوت و اذان مقابلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد پوری دنیا میں تلاوت کلام پاک کے کلچر کوعام کرنا ہے کیونکہ قرآن پاک اپنے صوتی حسن، اپنے معنوی اور روحانی اثرات اور سامع پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے اپنی امتیازی خصوصیت رکھتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس مقابلے کے انعقاد سےعالمی سطح پر قرآن پاک، علوم قرآن اور اس کتاب اللہ کی رشد وہدایت پرمبنی تعلیمات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقابلے میں پہلا انعام حاصل کرنے والے خوش نصیب کو 50 لاکھ ریال، دوسرے کو 20 لاکھ اور تیسرے کو 10 لاکھ ریال کی رقم جب کہ چوتھے نمبر پر آنے والے کو پانچ لاکھ ریال کی رقم بہ طور انعام دی جائےگی۔

تلاوت کلام پاک کے ساتھ ساتھ اذان کے مقابلے کا مقصد دُنیا بھر میں اذان کی اہمیت اور حرم نبوی الشریف میں میں بلند ہونے والی اذان کی آواز کو دور دور تک پہنچانا ہے۔

اذان کے مقابلے میں پہلے پوزیشن حاصل کرنے والے کو 20 لاکھ ریال، دوسرے کو 10 لاکھ، تیسرے کو نصف ملین اور چوتھے درجے پرآنے والے موذن کو اڑھائی لاکھ ریال کی رقم بہ طور انعام دی جائے گی۔

عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تلاوت قرآن اور اذان کے عالمی مقابلے میں حصہ لینے کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت موجود ہے۔ دلچسپی رکھنے والے قراءحضرات (قرآن احسن ایوارڈ) پر اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں