ریاض: سعودی عرب میں متعلقہ اداروں کے افسران نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ریاض گولڈ مارکیٹ میں خفیہ گودام دریافت کرلیا جہاں سے غیرقانونی طور پر چھپائے گئے قیمتی زیورات برآمد ہوئے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں قائم سونے کی مارکیٹ میں وزارت تجارت، وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود اور محکمہ زکوۃ و آمدنی کے افسران نے اہلکاروں کے ساتھ مل کر مشترکہ کارروائی کی، اس دوران سونے وچاندی کے زیورات اور قیمتی پتھروں کے خفیہ گودام کا پتہ لگایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس کارروائی کے دوران پولیس نے غیرملکی ملازمین کو بھی گرفتار کیا، ریاض گولڈ مارکیٹ میں تینوں سرکاری اداروں کی تفتیشی ٹیموں نے زیورات کی دکانوں کے نیچے خفیہ گودام اور راہداریاں دریافت کیں۔
غیرقانونی ورکشاپ پر چھاپہ، 3 سو کلو سونا برآمد
متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ زیورات کی دکانوں میں غیرملکی ورکرز کام کرتے تھے، اور تفتیشی کارروائی کے موقع پر انہیں چھپا دیا جاتا تھا، گرفتار غیرملکی کارکنان کو مزید تحقیقات کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ممکن ہے کچھ اور اشیا بھی اس گودام میں چھپائی جاتی ہوں، وزارت تجارت نے بتایا کہ چھاپہ مہم کا مقصد منی لانڈرنگ، تجارتی جرائم اور سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کی سرگرمیوں کو روکنا ہے۔