ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی ہدایت پر سعودی عرب میں قید مزید 65 پاکستانیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ریاض کی جیل میں قید 65 قیدیوں کی سزاؤں کو معاف کر کے رہا کردیا گیا ، تمام افراد کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی خصوصی ہدایت پر رہا کیا گیا۔
sentences of 65 persons, detained in Riyadh Jail, have been waived off on kind direction of The Custodian of two holy mosques, His Majesty, King Salman bin Abdul Aziz Al Saud
— bilal akbar (@bilalakbar73) June 21, 2021
انھوں نے مزید کہا کہ رہا ہونے والے پاکستانی شہریوں کو جلد وطن واپس لایا جائے گا۔
یاد رہے اس سے قبل 10 جون کو سعودی عرب کی حکومت نے 49 مزید پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا تھا ، جو مختلف جرائم کے تحت مملکت کی جیلوں میں قید تھے۔
اس کا اعلان سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نامزد لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے کہا تھا کہ پاکستانی فلاحی کام کرنے والی شخصیات نے قیدیوں کے ہرجانے ادا کیے، جس کے بعد رہائی عمل میں آئی۔
بلال اکبر نے قیدیوں کے ہرجانے ادا کرنے والی فلاحی تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ‘حق خاص’ کے 4 مزید کیسز کو حل کر لیا گیا ہے، رمضان سے اب تک 49 قیدی رہا ہوئے ہیں اور مزید 53 کیسز حل ہونا باقی ہیں۔
خیال رہے وزیر اعظم عمران خان کے مئی میں سعودی عرب کے دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب نے سزا یافتہ قیدیوں کی منتقلی سے متعلق ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے ، بعد ازاں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سعودی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی ملک منتقلی سے متعلق تفصیلات شیئر کیں۔