ریاض : السعودیہ کی انتظامیہ نے مسافروں کو آگاہ کیا ہے کہ فضائی ٹکٹ کی منسوخی پر کس طرح اور کتنے روز میں رقم واپس کی جائے گی تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس حوالے سے سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے ریزرویشن کی منسوخی پر ٹکٹ کی رقم کی واپسی کے حوالے سے وضاحت جاری کی ہے۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق السعودیہ سے ایک شخص نے استفسار کیا تھا کہ اس نے ابہا سے ریاض کا ٹکٹ خریدا تھا بعد ازاں بکنگ منسوخ کرانی پڑی۔
السعودیہ نے پیغام بھیجا کہ ٹکٹ کی رقم اکاؤنٹ میں بھیجی جارہی ہے، ایک ہفتہ ہوگیا ہے مگر ابھی تک اکاؤنٹ میں کوئی رقم نہیں آئی۔
السعودیہ کے العنایہ الضیوف اکاؤنٹ پر اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی مسافر کیش یا سداد کے ذریعے ٹکٹ خریدتا ہے تو رقم تین دن سے اکیس دن کے اندر واپس بھیج دی جاتی ہے۔
اپنے بیان میں ترجمان السعودیہ نے مزید کہا کہ اگر کریڈٹ کارڈ سے ٹکٹ کی رقم ادا کی گئی ہو تو ایسی صورت میں 45 دن کے اندر رقم واپس کردی جاتی ہے، رقم کی واپسی کی درخواست کے بارے میں ویب سائٹ سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔