تازہ ترین

سعودی عرب: موسمی انفلوئنزا کے حوالے سے اہم ہدایت جاری

ریاض: سعودی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ رواں برس انفلوئنزا وائرس گزشتہ دو برسوں سے زیادہ طاقت ور ہے، اس لیے اس سے بچاؤ کے لیے ویکسین ضرور لگوائیں۔

ترجمان وزارت صحت ڈاکٹر محمد العبدالعالی کے مطابق چار زمروں کے افراد جن میں حاملہ خواتین، 5 برس سے کم عمر بچے، متعددی امراض کا شکار اور معمر افراد اس وائرس کا جلدی شکار ہو جاتے ہیں۔

انھوں نے کہا موسمی انفلوئنزا سے بچاؤ کے لیے لگائی جانے والی ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے، سبق نیوز کے مطابق ترجمان نے موسمی انفلوئنزا کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ موسم سرما میں عام طور پر انفلوئنزا کا وائرس پھیل جاتا ہے جس کے قبل از وقت تدارک کے لیے ویکسین لگانا ضروری ہے۔

وزارت صحت کے مطابق انفلوئنزا سے بچاؤ کی ویکسین 80 فی صد تک مرض کی شدت سے محفوظ رکھتی ہے، ’صحتی‘ ایپ پر ویکسین لگانے کے لیے پیشگی بکنگ کی سہولت بھی فراہم کی جا چکی ہے۔

طبی مراکز کے جائزے میں یہ بات سامنے آئی کہ اسپتالوں کے ایمرجنسی شعبے میں آنے والے بیش تر کیسز انفلوئنزا کے ہیں، انفلوئنزا کی علامات کے بارے میں ترجمان صحت کا کہنا تھا کہ اس وائرس کا شکار ہونے والوں میں کپکپاہٹ، 38 ڈگری سے زیادہ درجہ حرارت، پٹھوں اور سر میں شدید درد، حلق میں چبھن کا احساس، زکام اور کھانسی کی شکایات ہو سکتی ہیں۔

Comments

- Advertisement -