ریاض : سعودی ایوان شاہی نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پرامریکی صدر جوبائیڈن سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ایوان شاہی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کا دو روزہ دورہ15 اور16 جولائی کو ہوگا۔
ایوان شاہی نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی دعوت قبول کرتے ہوئے اور سعودی عرب اور امریکہ کے تعلقات میں مزید فروغ اور وسعت اور سٹریٹیجک تعلقات کی مضبوطی کے لیے امریکی صدر جوبائیڈن سعودی عرب سرکاری دورہ کریں گے۔
دورے کے دوران وہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کرکے دونوں ممالک کے مفادات کے تحفظ اور درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ایوان شاہی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے دورے کے ایجنڈے میں دوسرے روز سربراہ کانفرنس کو شامل کیا گیا ہے جس میں شاہ سلمان نے خلیجی ممالک کے سربراہان کے علاوہ شاہِ اردن، مصری اور عراقی صدور کو بھی مدعو کیا ہے۔
یہ سربراہ کانفرنس 15 جولائی کو منعقد ہوگی جس میں خطے کو درپیش اہم امور اور مسائل پر غور و خوض ہوگا۔
عرب نیوز کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے دورے کے بعد صدر جو بائیڈن جدہ جائیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر شاہ سلمان کی قیادت اور ان کی دعوت کو سراہتے ہیں، وہ سعودی عرب کے اہم دورے کے منتظر ہیں۔ سعودی عرب تقریباً آٹھ دہائیوں سے امریکہ کا سٹیرٹیجک شراکت دار ہے۔
وائٹ ہاؤس نے مزید کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن سعودی عرب دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر بات چیت کریں گے، اس میں یمن میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کی حمایت بھی شامل ہے، یہ سات سال قبل شروع ہونے والی جنگ میں پرامن دور ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر نئے انفراسٹرکچر اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقدامات سمیت علاقائی معیشت اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو وسیع کرنے کے امکانات پر بھی بات چیت کریں گے۔
اس کے علاوہ ’ایران کی جانب سے درپیش خطرات کو روکنا، انسانی حقوق، عالمی سطح پر توانائی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانا بھی بات چیت کا حصہ ہے۔
صدر جو بائیڈن سعودی عرب روانگی سے قبل مغربی کنارے کا بھی دورہ کریں، وہ فلسطینی حکام سے ملاقات اور دو ریاستی حل کے لیے اپنی مضبوط حمایت کا اعادہ کریں گے۔