ریاض: سعودی حکومت نے کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ملک بھر میں عید کے ایام میں چوبیس گھنٹے کا سخت کرفیو لگانے کا اعلان کردیا۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے مملکت میں جزوی کرفیو میں 22 مئی تک توسیع کردی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مکہ مکرمہ سمیت مختلف علاقوں کے شہریوں کو صبح 9 سے شام پانچ بجے تک گھروں سے باہر نکلنے کی مشروط اجازت دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب کرفیو: محکمہ تعلیم کا طالب علموں کے لیے اہم اعلان
وزارت داخلہ کے مطابق 23 مئی (تیسویں روزے) سے 27 مئی یعنی چار شوال تک تک ملک بھر میں مکمل کرفیو نافذ کیا جائے گا ، اس دوران کسی بھی شہری کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران بھی مملکت میں کرفیو نافذ رہے گا۔
حکومت کی جانب سے عیدین کی نماز کے حوالے سے فی الوقت کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی بدستور برقرار رہے گی جبکہ مخصوص کمپنیوں کے کارکنان کو اس دوران کام کی اجازت ہوگی۔