اسلام آباد : سعودی عرب کی جانب سے ریکوڈک میں 1 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا امکان ہے، ریکوڈک میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کےدرمیان حکومتی معاہدہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے امکانات ہیں۔
ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ ریکوڈک میں سعودی عرب سے 1 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا امکان ہے ، سعودی عرب کواوجی ڈی سی ایل میں سرمایہ کاری پر بریفنگ دی جائے گی، گزشتہ مالی سال او جی ڈی سی ایل سب سے منافع کمانے والی سرکاری کمپنی تھی، گزشتہ مالی سال اوجی ڈی سی ایل نے 133ارب روپے سے زائد کا منافع کمایا۔
ذرائع نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سےسرمایہ کاری آئندہ ماہ کرنےکی تیاریاں ہیں، سعودی عرب کی ریکوڈک میں سرمایہ کاری کیلئے وزیراعظم کمیٹی تشکیل دیں گے ،کمیٹی میں وزارت خزانہ، او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل، وزارت توانائی حکام شامل ہوں گے۔
کمیٹی کی تشکیل کیلئے وزارت خزانہ اور توانائی کی سمری وزیراعظم کوارسال کی جائے گی، کمیٹی تشکیل کےبعدممبران حتمی بات چیت کیلئےسعودی عرب روانہ ہوں گے۔
ریکوڈک میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کےدرمیان حکومتی معاہدہ ہوگا، دورے کے دوران وزیرخزانہ محمداورنگزیب سعودی سرمایہ کاروں کو بریفنگ دیں گے، ریکوڈک میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی ٹرانزکشن کا والیم سب سے بڑا ہوگا، ریکوڈک میں سرمایہ کاری کیلئے ایس آئی ایف سی کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔