تازہ ترین

سعودی ولی عہد تاریخی دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے

اسلام آباد: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اپنے تاریخی دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے 19 رکنی اعلیٰ سطح وفد پاکستان پہنچ گیا، وفد 2 خصوصی طیاروں میں سعودی عرب سے نورخان ایئربیس پہنچا۔ ایئر بیس کی سیکیورٹی ٹرپل ون بریگیڈ نے سنبھال لی۔

سعودی وفد میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے قریبی ساتھی شامل ہیں، وفد کو سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد پہنچا دیا گیا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اب سے کچھ دیر بعد تاریخی دورے پر پاکستان پہنچیں گے، پاکستان میں ان کے دورے کے سلسلے میں سیکورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق سعودی ولیٔ عہد کو تھری لیئرز باکس سیکورٹی فراہم کی جائے گی، جس کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

نور خان ایئر بیس، راولپنڈی سے وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد تک شاہی مہمانوں کی سیکورٹی پاک فوج اور سعودی شاہی گارڈز مشترکہ طور پر سنبھالیں گے۔

شاہی قافلے کی حفاظت کے لیے فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ آس پاس کی بلند عمارتوں پر بھی مستعد اہل کار تعینات ہوں گے۔

ایئر پورٹ پر اترتے ہی سعودی ولیٔ عہد کو 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی، وزیرِ اعظم عمران خان کابینہ سمیت ایئر پورٹ پر سعودی شہزادے کا پُر تپاک استقبال کریں گے، پرائم منسٹر ہاؤس میں معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کی شاہراہوں کو سعودی ولیٔ عہد کے شان دار استقبال کے لیے سجا دیا گیا ہے، خصوصی روٹ پر پاکستانی اور سعودی پرچموں کی بہار اتر آئی ہے، جگہ جگہ عظیم الجثہ بل بورڈز نصب کیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  وزیرِ اعظم اور سعودی ولی عہد سپریم کو آرڈی نیشن کونسل کی صدارت کریں گے

وزیرِ اعظم میں دونوں رہنماؤں میں باضابطہ ملاقات کے بعد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے اور سعودی ولیٔ عہد کو وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے عشائیہ دیا جائے گا۔

محمد بن سلمان کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ بھی دیا جائے گا، سعودی ولی عہد کی سیکورٹی کے لیے 123 شاہی محافظ پہلے سے ہی پاکستان میں موجود ہیں۔

سعودی ولیٔ عہد سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات وزیرِ اعظم ہاؤس ہی میں ہوگی، اگلے دن صدرِ پاکستان عارف علوی شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، جس کے بعد وہ ایئر پورٹ روانہ ہو جائیں گے۔

Comments

- Advertisement -