پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

سعودی دفاعی نظام نے حوثی باغیوں کا میزائل مار گرایا

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر داغا گیا بیلسٹک میزائل سعودی دفاعی نظام نے مار گرایا۔

تفصیلات کے مطابق حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس پر بیلسٹک میزائل داغا تھا جسے فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی دفاعی نظام کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں میزائل تباہ ہوا جس کے ٹکڑے شہر کے گرونواح میں گرے تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

سعودی عسکری اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ تباہ ہونے والے میزائل کے پرزوں سے پتا چلا مذکورہ میزائل ایران میں تیار کردہ تھا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران مسلسل حوثی باغیوں کی پشت پناہی کررہا ہے، عسکریت پسندوں کی مالی مدد کرنا عالمی قوانین کی خلاف وزری ہے۔

ترجمان عسکری اتحاد کے مطابق قبل ازیں حوثی باغیوں نے سعودی حدود میں ڈرون بھی بھیجے جس کے پرخچے دوران پرواز اڑائے گئے، اور شدت پسندوں کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

دوسری جانب امریکی جوہری ماہرین نے سیٹلائیٹ شواہد کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب بیلسٹک میزائل کی تیاری میں مصروف عمل ہے، جبکہ سعودی حکام اور واشنگٹن میں قائم سعودی سفارت خانے کے حکام نے اس طرح کی خبروں پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے حوثی باغیوں نے سعودی شہر نجران پر دو بیلسٹک میزائل داغے تھے جسے فورسز نے ناکام بنا دیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں