ریاض: سعودی محکمہ امیگریشن اور پاسپورٹ نے مقامی اور غیرملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کروناوائرس سے متاثرہ ملکوں کا دورہ کرنے سے گریز کریں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق محکمے نے سعودیوں اور غیرملکیوں کو متنبہ کیا کہ وہ کسی بھی حالت میں ان ممالک کا سفرنہ کریں جہاں کرونا کا مرض وبائی صورت اختیار کر چکا ہے۔
اس اقدام کا مقصد مملکت میں کروناوائرس پر قابو پانا ہے۔ جبکہ ملک میں شہریوں کو حفاظتی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی قسم کے وبائی مرض میں شہری مبتلا نہ ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے ہدایت جاری کرتے ہوئے شہریوں کو تنبیہ کی کہ غیرملکیوں کو اگر کسی قسم کی تفصیلات درکار ہوں تو وہ مصدقہ ذرائع سے رابطہ کریں۔
سعودی عرب کی پابندی ، عمرہ زائرین کے لئے نیا حکمنامہ جاری
خیال رہے کہ سعودی عرب نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے عمرہ زائرین کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
کرونا وائرس کے پیش نظر سعودی ایوی ایشن نے نئی پالیسی جاری کی ہے، سیاحتی ویزے پر سعودی عرب کا سفر کرنے والوں کا داخلہ بھی معطل کر دیا گیا ہے، ایران کے شہری بھی سعودی عرب میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔ سیاحتی ویزے کے لیے ایران، چین، ہانگ کانگ اور اٹلی پر بھی پابندی لگا دی گئی۔