اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر مملکت خارجہ نے ملاقات کی اس موقع پر وزیر اعظم نے موجودہ صورتحال میں پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت پرسعودی عرب سے اظہار تشکر کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے بھارت کے پاکستان کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی۔
شہبازشریف نے کہا کہ بھارتی حملوں میں بے گناہ شہری، خواتین اور بچے شہید ہوئے، بھارتی جارحیت پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں، افواج پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیئے۔
پاکستان اپنی خود مختاری اور سالمیت کے دفاع کیلئے پرعزم ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اسے اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
ملاقات کے موقع پر وزیراعظم نے علاقائی امن و استحکام کیلئے سعودی عرب کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
سعودی وزیر مملکت خارجہ نے پاکستانی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر تشویش ہے۔