اسلام آباد: سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف 7 فروری کو پاکستان پہنچیں گے، دورے کے دوران سعودی وزیر داخلہ صدر مملکت اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف 7 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے ، اس حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے
بیان میں کہا گیا کہ سعودی وزیر داخلہ پاکستانی ہم منصب شیخ رشید کی خصوصی دعوت پرپہنچیں گے۔
وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر داخلہ دورے کے دوران صدرمملکت عارف علوی ، وزیراعظم عمران خان ، اہم حکومتی اور سیکیورٹی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزارت داخلہ نے بتایا سعودی وزیر داخلہ وزارت داخلہ کا دورہ بھی کریں گے ، جہاں ان کی شیخ رشید سے ملاقات ہوگی ، جس میں علاقائی صورتحال ،سعودی عرب سےقیدیوں کی رہائی ودیگرامور پر بات کی جائے گی۔
یاد رہے دسمبر میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان تنظیم اسلامی کانفرنس (او آئی سی) کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد آئے تھے۔