خادم حرمین شریفین سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نیا شاہی فرمان جاری کرتے حکومتی سطح پر کئی تبدیلیاں کی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے جازان کے گورنر شہزادہ محمد بن ناصر کو سبکدوش کر دیا ہے اور ان کی جگہ شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بن محمد کو نیا گورنر مقررر کیا گیا ہے۔
سعودی فرماں روا نے شہزادہ ناصر بن محمد بن عبداللہ بن جلوی کو جازان کا نائب گورنر مقرر کیا ہے۔
اس کے علاوہ شاہی فرمان کے ذریعہ شہزادہ فہد بن سعد بن فیصل بن سعد الاول کو شوریٰ کی رکنیت سے سبکدوش کر دیا ہے۔
شاہ سلمان نے شہزادہ عبدالعزیز بن محمد بن عیاف کو نائب وزیر داخلہ اور ناصر الداود کو وزارت داخلہ کی نیابت سے بھی سبکدوش کر دیا گیا ہے۔
سعودی فرماں روا نے فہد بن عبداللہ العسکر کو وزیر کے رتبے پر ایوان شاہی کے سربراہ کا نائب مقرر کیا ہے۔ ہشام بن عبد العزیز بن عثمان بن سیف کو وزیر دفاع کا مشیر برائے انٹیلی جینس مقرر کیا گیا ہے۔
شاہی فرمان میں تمیم بن عبد العزیز السالم کو وزیر کے مرتبے پر شاہ سلمان کا نائب سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ جب کہ عبد اللہ بن سراح بن مصطفی زقزوق کو ولی عہد کے ذاتی امور کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح شہزادہ فہد بن سعد بن فیصل بن سعدالاول آل عبد الرحمن آل سعود کو قصیم کے نائب گورنر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔
شاہی فرمان میں ڈاکٹر محمد بن سعود بن موسی التمیمی کو اتصالات و اسپیس و ٹیکنالوجی کمیشن کی سربراہی سے سبکدوش کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر محمد بن سعود بن موسیٰ التمیمی کو قومی کمیشن برائے ہنگامی حالات کا سربراہ، ڈاکٹر ایناس بنت سلیمان بن محمد العیسی کو نائب وزیر تعلیم مقرر کیا گیا ہے۔