ہفتہ, جون 29, 2024
اشتہار

حرم شریف میں مطاف کھولنے کا شاہی فرمان

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے گرد طواف کرنے والا حصہ مطاف کھولنے کے لیے شاہی فرمان جاری کردیا گیا، ایک روز قبل زائرین سے خالی مطاف کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ہفتے کی صبح سے عمرہ ادا نہ کرنے والوں کے لیے مطاف کھولنے کی اجازت دینے کا شاہی فرمان جاری کیا ہے۔

ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے احتیاطی طریقہ کار اور مسجد الحرام کے کارکنوں کے ساتھ تعاون پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی قیادت شہریوں اور تارکین وطن کی سلامتی، تحفظ، آرام اور سکون کی آرزو مند ہے۔

- Advertisement -

اس سے قبل مقامی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا تھا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عمرے پر عارضی پابندی برقرار رکھتے ہوئے خانہ کعبہ کے طواف سے متعلق نئی ہدایات جاری کی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ شاہی ہدایت ہے کہ مطاف کو محدود پیمانے پر مرحلہ بہ مرحلہ کھول دیا جائے۔ یہ اجازت ان لوگوں کے لیے ہے جو عمرے کی غرض سے مسجد الحرام نہ آئے ہوں۔

ڈاکٹر عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ عمرے پر پابندی کا فیصلہ اسلامی اور انسانی تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے خانہ کعبہ کے اطراف کا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ زائرین کو کرونا وائرس کے مہلک اثرات سے بچانے کی خاطر بند کیا گیا۔

خیال رہے کہ جمعرات کو نماز عشا کے بعد صفائی کے لیے مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ ﷺ کی مسجد نبوی بند کردی گئی تھی، تاہم خانہ کعبہ میں پہلی منزل پر طواف جاری رہا۔

اس حوالے سے سعودی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں داخلے پر پابندی کا مقصد مقدس مقامات میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا تھا۔

بعد ازاں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو کھول دیا گیا تاہم غیر ملکیوں سمیت سعودی شہریوں پر عمرہ کرنے پر تاحال پابندی عائد ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں