سڈنی : آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں سعودی عرب کے قونصلیٹ نے اپنی رہائش پرمردہ پائی جانے والی دو سعودی خواتین کی موت کی تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔
مرنے والی سعودی خواتین کی شناخت اور موت کے اسباب کے حوالے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
سعودی قونصلیٹ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا ہے کہ آسٹریلیا کی وزارت خارجہ و تجارت اور سڈنی پولیس نے ایک رپورٹ میں اپنی رہائش پر دو سعودی خواتین کی موت کے حوالے سے قونصلیٹ کو آگاہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سڈنی میں سعودی قونصلیٹ نے ملک کی قیادت کی ہدایت کے مطابق فوری طور پر آسٹریلیا کے متعلقہ اداروں سے رابطے کرکے افسوسناک واقعے کے اسباب جاننے کی کوشش کی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متعلقہ حکام سے درخواست کی گئی کہ پہلی فرصت میں سعودی خواتین کی موت کے اسباب کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات کے نتائج سے آگاہ کیا جائے۔
آسٹریلیا میں سعودی قونصلیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آسٹریلیا کے متعلقہ حکام کے ساتھ سعودی خواتین کی موت کے معاملے کے حقائق جاننے کے لیے رابطے میں رہیں گے۔
سعودی قونصلیٹ نے سعودی خواتین کی موت پر ان کے خاندان سے رنج و ملال اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔