اشتہار

سعودی خواتین اب جہاز بھی اڑائیں گی

اشتہار

حیرت انگیز

مناما: پانچ سعودی خواتین کو جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے سعودی عرب کی ایئر لائن کے جہاز اڑانے کے لیے پائلٹ کا لائسنس دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن ان دنوں ہوابازی کے شعبے میں خواتین کو آگے لا کر اسے عالمی سول ایوی ایشن تنظیم سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات کررہا ہے اور مذکورہ بالا لائسنس کا اجرا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

علاوہ ازیں سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی میں حال ہی میں فنانس ، آئی ٹی اور ریزرویشن سیکشن میں 500 سے زائد خواتین کو ملازمت فراہم کی گئی ہے ، تاہم ان میں سے کوئی بھی پائلٹ نہیں تھی۔

- Advertisement -

یاد رہے کہ یاسمین محمد المیمنی وہ دوسری خاتون ہیں جنہیں سعودی جنرل اتھارٹی برائے ہوا بازی نے کمرشل ہوا بازی کا لائسنس جاری کیا تھا، انہیں امید ہے کہ اب وہ اپنے ملک کے لیے بھی جہاز اڑاسکیں گی۔

ان کاکہنا تھا کہ پائلٹ بننا ان کا بچپن کا خواب تھا اور اس کے لیے ان کے اہل خانہ نے انہیں مکمل سپورٹ کیا ، انہوں نے کہا کہ میرے اسکول میں اچھے گریڈ تھے اور میں کسی بھی شعبے میں جاسکتی تھی لیکن کاک پٹ میں بیٹھ کر آسمانوں کو چھونا ایک ایسا خواب تھا جس نے مجھے ہمیشہ اپنے حصار میں رکھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اپنی فیملی کی سپورٹ سےسے وہ اردن گئیں جہاں انہوں نے ہوابازی کی تربیت لے کر پرائیوٹ پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا، بعد ازاں انہوں نے امریکی ہوا بازی کی اکیڈمی سے کمرشل پائلٹ کی تربیت حاصل کی جس کے بعد وطن واپسی پر انہیں سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے 2014 میں لائسنس جاری کیا تھا ، تاہم وہ اب تک کمرشل جہاز نہیں اڑا پائی ہیں لیکن پر امید ہیں کہ حکومت کے نئے اقدامات سے انہیں اس کا موقع ضرور ملے گا۔

یاد رہے کہ رواں برس تین جون کو ایک تاریخ سا ز فیصلے کے نتیجے میں سعودی خواتین کو گاڑی چلا نے کی اجازت ملی تھی جو کہ ایک قدامت پسند معاشرے میں بڑا اقدام تھا اور اب امید ہے کہ جلد ہی سعودی خواتین جہاز بھی اڑائیں گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں