ریاض: سعودی حکومت کی جانب سے کرونا پابندیوں میں نرمی ہونے کے بعد شادی ہالز مالکان نے کاروبار بحال کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق شادی سمیت دیگر تقریبات پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد کل اتوار 17 اکتوبر سے شادی ہالز نے ایڈوانس بکنک کی تیاری شروع کردی ہے۔
حکومت نے کرونا پابندیاں ختم کرتے ہوئے مکمل گنجائش کے ساتھ تقریبات منعقد کرنے کی اجازت دی ہے، جس پر عوام اور ہالز کے مالکان بہت خوش ہیں۔
حکومت کی جانب سے پابندی ختم کرنے کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ عرصے کے دوران بکنگ کے تناسب میں اضافہ ہوجائے گا۔
مکہ مکرمہ میں تقریبات کے ایک ہال میں سرمایہ کاری کرنے والے ممدوح العمیری نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ ’تقریبات کے لیے قائم کیے جانے والے ہالوں کا ایک رات کا کرایہ 15 ہزار ریال سے لے کر تقریبا 80 ہزار ریال تک ہوتا ہے‘۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب: پابندیوں میں نرمی، اہم اعلان
یہ بھی پڑھیں: مسجدالحرام کو مکمل طور پر کھول دیا گیا، نمازیوں میں فاصلہ بھی ختم
ایک اور شادی ہال کے مالک نے بتایا کہ وزارتِ داخلہ کی جانب سے تقریبات کی اجازت کا نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد ہم نے ہالوں کی صفائی سمیت دیگر انتظامات شروع کردیے ہیں۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق شادی ہالوں کی مارکیٹ میں گاہکوں کو متاثر کرنے اور زیادہ فائدہ کمانے کے لیے مختلف پیکجز کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
شادی ہالز کھلنے سے سجاوٹ اور پھولوں کے کام سے وابستہ افراد کا کاروبار بھی چمک اٹھے گا۔