اسلام آباد: ملک سے کرپشن خاتمے کیلئے حکومت نے ایک اور انوکھی کوشش کا آغاز کر دیا ہے، بجلی ،پانی اور گیس کے بلوں کے بعد اب ادویات اور سگریٹ کی ڈبیہ پر بھی کرپشن مخالف تحریر پرنٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
زرائع کے مطابق وزارت قومی صحت اسلام آباد میں وفاقی سیکرٹری صحت محمد ایوب شیخ کی زیر صدارت ہونے والے مشاورتی
اجلاس میں نیب ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ،ٹوبیکو کنٹرول سیل ،دوا اور سگریٹ ساز کمپنیوں کے نمائندے شریک ہوئے۔
سے نو ٹو کرپشن
اجلاس کے دوران نیب کی جانب سے ادویات اور سگریٹ پیکٹ پر کرپشن مخالف تحریر ( سے نو ٹو کرپشن ) کی تجویز پیش کی گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران نیب حکام کی جانب سے ملک سے کرپشن اور اس کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر طویل بریفنگ دی گئی۔
نیب حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ بجلی، گیس اور پانی کے بلوں کے علاوہ ، ڈرائیونگ لائسنس، اے ٹی ایم مشینوں پر کرپشن مخالف تحریر پرنٹ کی جاچکی ہیں جبکہ سینما گھروں میں تحریر آویزاں کرنے کے علاوہ ریلوے ٹکٹس اورڈاک کے لفافوں پر بھی تحریرپرنٹ کی گئی ہے، جس سے کرپشن کے خاتمے سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے میں واضح کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
اجلاس میں فارما اور سگریٹ انڈسٹری سمیت وزارت صحت اور ڈریپ کے نمائندوں پر مشتمل دو خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں جو دو ہفتوں میں کرپشن مخالف تحریر سے متعلق سفارشات پر مشتمل رپورٹ وزارت صحت کو پیش کریگی۔