کراچی: مرکزی بینک کے ذخائر میں ایک ہفتے میں ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایک ہفتے میں مرکزی بینک کے ذخائر میں ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔
اعلامیے کے مطابق حالیہ اضافے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 12 ارب 82 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب 13 کروڑ ڈالر موجود ہیں، ملکی مجموعی ذخائر 19 ارب 95 کروڑ ڈالر پر پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دو ماہ قبل اسٹیٹ بینک نے معیشت پر مالی سال 2020 کی تیسری سہ ماہی رپورٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ ملکی اور عالمی سطح پر کورونا کے باعث مہنگائی کی صورتحال میں بہتری آئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نےمارچ سےجون پالیسی ریٹ میں625بیسزپوائنٹس کمی کی، کاروباری اداروں اور افراد کےقرض کی اصل رقم مؤخر اور قرضوں کی تشکیل نو کی اجازت دی۔
اس دورانیے میں اسٹیٹ بینک نے 3نئی ری فنانسنگ اسکیمیں شروع کیں۔ جی ڈی پی سکڑنےکی بڑی وجہ صنعتوں، خدمات کےشعبےکی سرگرمیوں میں کمی ہے۔