اسلام آباد : پاناما کیس کا فیصلہ اگر کل نہ آیا تو گیارہ اگست کے بعد آئے گا، روسٹر جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے آئندہ ہفتے کاروسٹر جاری کردیا، جس کے مطابق اگلے ہفتے پاناما عملدرآمد کیس کا بینچ اسلام آباد میں نہیں ہوگا، پاناماکیس کاکل فیصلہ نہ آیا تو گیارہ اگست کے بعد آئے گا۔
روسٹر کے مطابق پاناما عملدرآمد بینچ میں شامل جج جسٹس اعجازالاحسن رخصت پر ہونگے جبکہ جسٹس عظمت سعید شیخ لاہور میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔
سپریم کورٹ نے 11 اگست تک کے لیے بنچ تشکیل دے دیئے ہیں ، جس کے مطابق سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے تین بنچ مقدمات کی سماعت کریں گے، جبکہ اگست کے دوسرے ہفتے میں دو بنچ مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے۔
مزید پڑھیں : پاناما کیس: سماعت مکمل‘ سپریم کورٹ کا فیصلہ محفوظ
یاد رہے 21 جولائی کو سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا ، اور کہا تھا کہ فیصلہ سنانے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاناما کیس میں وزیراعظم ممکنہ طور پر نااہل ہوسکتے ہیں۔