اسلام آباد: نو منتخب اراکین قومی اسمبلی کی حلف برداری کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے وزیر اعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق وزیر اعظم کا انتخاب 3 مارچ بروز اتوار کو ہوگا، امیدوار کاغذات نامزدگی 2 مارچ دوپہر 2 بجے تک جمع کروا سکیں گے۔
شیڈول کے مطابق نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی کو جمع کروائے جائیں گے، کاغذات کی جانچ پڑتال سہ پہر 3 بجے ہوگی، امیدوار کاغذات نامزدگی شعبہ قانون سازی سے حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیر اعظم کے انتخاب سے قبل کل اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب کیا جائے گا۔
اسپیکر کیلیے ایاز صادق اور ملک عامر ڈوگر نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جو منظور کر لیے گئے۔ ڈپٹی اسپیکر کیلیے غلام مصطفی شاہ اور جنید اکبر نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جو منظور کر لیے گئے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج 282 ممبران اسمبلی نے حلف اٹھایا اور رول آف ممبر پر دستخط کیے۔
اجلاس میں قومی ترانے کے بعد سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے اسپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاج کیا تھا جبکہ (ن) لیگ کے اراکین بھی اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر جواباً نعرے بازی کرنے لگے تھے۔