ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کل بروز جمعرات تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا اعلان کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد کے تعلیمی ادارے کل سے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ پاک بھارت کشیدگی کے باعث پنجاب اور آزادکشمیر سمیت کئی شہروں میں آج تعلیمی ادارے بند رکھے گئے تھے۔
راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ اور میٹرک امتحانات 8 مئی سے معمول کے مطابق ہوں گے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب اور چیئرمین تعلیمی بورڈ محمدعدنان خان نے ہدایات دیں ہیں کہ انٹرمیڈیٹ پارٹ II کے تھیوری امتحانات 8 مئی سے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
مارننگ سیشن میں کیمسٹری، ہیلتھ اینڈفزیکل ایجوکیشن کے پرچے شامل ہیں جب کہ ایوننگ سیشن میں کیمسٹری، اسٹیٹسٹکس اوراسلامیات کےامتحانات ہوں گے۔
سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ کا پہلاسالانہ پریکٹیکل امتحان بھی 8 مئی سے شروع ہو گا۔ کیمسٹری کےپریکٹیکل امتحانات طےشدہ تاریخ کے مطابق ہوں گے۔
پنجاب کے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری فرخ نوید نے آج بدھ کی شام بتایا ہے کہ کل جمعرات کو تمام یونیورسٹیاں کل معمول کے مطابق کھلیں گی۔
تمام کالجز میں بھی کل تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ جب پاکستان میں سب کچھ معمول کے مطابق ہے، خوف و ہراس کا دور دور تک کوئی نام و نشان تک نہیں تو بچوں کا ایک بھی تعلیمی دن کیوں ضائع کریں؟ کل صبح تمام تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں ہوں گی۔
آزادجموں وکشمیر تعلیمی بورڈ میرپور نے اعلان کیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کمپوزٹ فرسٹ اینول 2025 کے پرچے ملتوی کر دی گئے۔
بورڈ ترجمان کے مطابق 7تا 10 مئی کو ہونے والے ثانوی عملی امتحانات بھی ملتوی کر دیےگئے، امتحانات کا نیا شیڈول 9مئی کو جاری کیا جائے گا، طلبہ اور والدین بورڈ کی ویب سائٹ اور میڈیا پر نظر رکھیں۔