کراچی : جشن آزادی کے موقع پر کراچی پولیس نے شہریوں کی تفریح کی سہولت فراہم کرنے کیلئے اعلان کیا ہے کہ14اگست پر سی ویو کھلا رہے گا، شہری اپنے من پسند تفریحی مقام پر آکرجشن آزادی منا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے یوم آزادی کیلئے سی ویو پر سیکیورٹی انتظامات کے حوالےسے پلان تیار کرلیا،
ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی نے کہا ہے کہ یوم آزادی پر سی ویو شہریوں کیلئے کھلا رہے گا، کثیر تعداد میں شہریوں کی آمد کے پیش نظر سی ویو پر سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات ہونگے۔
انہوں نے بتایا کہ سینئر پولیس افسران سمیت12ایس ایچ اوز سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہونگے، سی ویو اور اطراف میں پولیس کی42موبائل موجود ہوں گی۔
اس کے علاوہ 74موٹرسائیکلوں پر اہلکار گشت بھی کریں گے، امن وامان برقرار رکھنے کے لئے 10پلاٹونز سی ویو اور اس کے ملحقہ مقامات پر موجود ہوں گی۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق انٹیلی جنس اسٹاف کو سی ویو کےاطراف الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے، مجموعی طور پر700سے زائد افسران و جوان سی ویو اور اس کے اطراف تعینات ہونگے۔
ساجد سدوزئی نے خبردار کیا کہ کسی کو بھی ہلڑبازی کی اجازت نہیں ہوگی، ماؤنٹڈ پولیس کا دستی بھی ساحل پرڈیوٹی سرانجام دے گا۔
کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی، ہوائی فائرنگ، سائلنسر نکال کر بائیک چلانے والوں کیخلاف سخت کاروائی ہوگی، ٹریفک رواں رکھنے کیلئے سی ویو سے خیابان اتحاد کی جانب دونوں ٹریک ون وے کردئیے جائیں گے۔