بلوچستان: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں لشکر جھنگوی اور داعش کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں لشکر جھنگوی داعش کے تین انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے، ذرائع کے مطابق آپریشن خفیہ اطلاع پر کند، کلی زرد غلام جان میں کیا گیا۔
ہلاک دہشت گردوں کی شناخت خبیب، شعیب اور وحید کے ناموں سے ہوئی ہے، دہشت گرد 2004 سے مطلوب تھے، دہشت گردوں کی کمین گاہ سے چار خواتین اور پانچ بچے بھی بازیاب کرائے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے 3 کلاشنکوف، ایک پی کے مشین گین، تین پستول برآمد کی گئی ہیں، برآمد کیے جانے والے اسلحے میں مشین گین، کلاشنکوف کے 200 راؤنڈز، چائنا گن کے راؤنڈز بھی شامل ہیں، دہشت گردوں سے آئی ای ڈیز، بارودی مواد، مواصلاتی آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ سیکیورٹی فورسز نے آوران کے علاقے جھاؤ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر بلوچ لبریشن فرنٹ کے ایک گروہ کے خلاف آپریشن کیا تھا جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ مقابلے میں ایک سیکیورٹی فورسز کا جوان بھی شہید ہوگیا تھا۔
فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی رمز علی شہید اور نائیک یعقوب زخمی ہوئے ہیں، چوبیس سالہ شہید سپاہی رمز علی کا تعلق خیرپور میر سندھ سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن میں مارے گئے دہشت گرد رواں سال کے آغاز میں مشکئی کے علاقے میں پاک فوج پر حملے میں ملوث تھے، اس حملے میں پاک فوج کے پانچ جوان شہید ہوئے تھے۔