جمعرات, نومبر 14, 2024
اشتہار

سیکیورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں کا آخر تک کیسے مقابلہ کیا؟ (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے صدر میں ایک موبائل کی دکان میں سیکیورٹی گارڈ نے نہایت جواں مردی کے ساتھ 2 ڈاکوؤں کا تن تنہا دیر تک مقابلہ کیا، یہاں تک کہ ڈاکو کی گولی کھا کر گر گیا۔

تفصیلات کے مطابق آج صدر میں واقع ریکس سینٹر میں موبائل فرنچائز میں ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا تھا، اے آر وائی نیوز نے اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لیں، فوٹیجز میں سیکیورٹی گارڈ کی بہادری اور آخر تک جدوجہد دیکھی جا سکتی ہے، جو ایک مثال ہے۔

خوف ناک واردات کے دوران فرنچائز میں ایک خاتون اپنی چھوٹی بیٹی کے ساتھ بھی فوٹیج میں دیکھی جا سکتی ہیں، جنھوں نے خوف اور سراسیگمی کے عالم میں اپنی اور بیٹی کی جان بچانے کی کوشش میں ایک کونے میں خود کو چھپایا۔

- Advertisement -
سیکیورٹی گارڈ کو گولی مارنے والا ڈاکو عرفان

فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شلوار قمیض میں ملبوس 2 ڈاکو کراچی کے علاقے صدر میں ریکس سینٹر میں واقع موبائل فرنچائز میں داخل ہو کر کاؤنٹر کی طرف آئے، جیسے ہی انھیں موقع ملا، ڈاکو نے بیگ سے پستول نکال لیا۔

ڈاکو کو پستول نکالتے دیکھ کر سیکیورٹی گارڈ بھی حرکت میں آ گیا، ڈاکو سیکیورٹی گارڈ کو قابو کرنے کی کوشش کرنے لگے، لیکن اس نے سخت مزاحمت کی، ایک ڈاکو نے پستول سے اس کے سر پر متعدد وار بھی کیے، معاملہ بگڑنے پر ڈاکو فرنچائز سے نکل کر بھاگنے لگے تو سیکیورٹی گارڈ نے باہر نکل کر ایک ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کی۔

تاہم پیچھے کھڑے سفید شلوار قمیض پہنے ڈاکو نے پستول سے اس پر گولی چلا دی، جس سے وہ زخمی ہو کر سڑک پر گیا، گولی لگنے کے 20 سیکنڈ کے بعدگارڈ خود اٹھا، قریب میں موجود لوگوں نےگارڈ کی مدد کی کوشش بھی نہیں کی، وہ فٹ پاتھ پر آ کر پھر گر گیا۔

رپورٹس کے مطابق زخمی گارڈ کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جب کہ ایک ملزم جو ایک ویڈیو میں اپنا نام عرفان بتاتا دکھائی دیتا ہے، کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

ویڈیو میں لوگوں کا رد عمل بھی دیکھا جا سکتا ہے، ایک شخص کہتا ہے کہ اس نے ایک بندے کو گولی مار دی ہے جس کا مطلب ہے کہ اس کے اندر انسانیت ختم ہے، ایسے بندے کا علاج یہ ہے کہ اس کے سر پر پتھر مار کر اسے ختم کیا جائے۔

Comments

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں