لاہور: سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد کراچی سے لاہور پہنچ گیا، وفد ایک روزہ قیام کے دوران شہر میں سیکورٹی کا جائزہ لے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آیا سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد لاہور پہنچ گیا ہے جہاں وہ سیریز کے سلسلے میں سیکورٹی معاملات کا جائزہ لے گا۔
سیکورٹی وفد سیف سٹی اتھارٹی اور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا، وفد کو حکومتی اور پی سی بی حکام بریفنگ دیں گے۔
ایک روز لاہور میں قیام کے بعد سیکورٹی وفد سری لنکا واپس روانہ ہو جائے گا، یہ وفد اپنی رپورٹ مرتب کر کے سری لنکن بورڈ کو جمع کرائے گا۔
تازہ ترین خبریں پڑھیں: پی سی بی کا کوچنگ اسٹاف تبدیل کرنے کا فیصلہ، مکی آرتھر کی چھٹی
اس رپورٹ کی روشنی میں سری لنکن ٹیم کے دورۂ پاکستان کا فیصلہ کیا جائے گا، سری لنکا کو پی سی بی نے لاہور اور کراچی میں ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز دی تھی۔
پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد دو روز قبل کراچی پہنچا تھا، 4 رکنی سیکورٹی وفد کی سربراہی موہن ڈی سلوا نے کی۔
سیکورٹی ٹیم نے کراچی نیشنل اسٹیڈیم، ایئر پورٹ سے ہوٹل تک راستے کا بھی معائنہ کیا، اور سیکورٹی کا ہر طرح سے جائزہ لیا تھا۔
یاد رہے کہ سری لنکا اور پاکستان کی ستمبر اکتوبر میں 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے۔ دسمبر اور جنوری میں سری لنکا سے تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز بھی شیڈول ہے۔