اسلام آباد: نون لیگ کے سینیٹر آصف کرمانی کی اپنی ہی حکومت پربرس پڑے کہا کہ پٹرول مافیا نے حکومت کی رٹ کو چیلنج کررکھا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اپنی دھواں دار تقریر میں لیگی سینیٹر آصف کرمانی بھی ملک میں پیٹرولیم کی مصنوعی قلت پر بھڑک اٹھے اور کہا کہ دس دنوں میں دوبار اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔
لیگی سینیٹر نے کہا کہ پٹرول مافیا نے حکومتی رٹ کوچیلنج کررکھا ہے اور افسوس کی بات یہ ہے کہ حکومت اس معاملے میں بے بس نظر آرہی ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے آصف کرمانی نے کہا کہ کاش وزیر پٹرولیم آج ایوان میں ہوتے تو ان سے پوچھتا کہ کیا تماشہ لگا رکھا ہے، آپ سے مٹھی بھر لوگ کنٹرول نہیں ہوتے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول کی سپلائی مکمل طور پر بند ہوگئی تھی جس کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات در پیش رہیں۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
یاد رہے کہ دو روز قبل سینر جیکو ریفائنری نے وزارت توانائی کو پیٹرولیم مصنوعات کے ممکنہ بحران کے خدشے کے پیش نظر خط لکھا تھا۔
خط میں کہا گیا تھا کہ خام مل نہ ہونے کے سبب سینر جیکو بائیکو ریفائنری 8 دن کے لیے بند کردی گئی ہے ریفائنری 9 فروری تک بند رہے گی۔
خط میں کہا گیا تھا کہ خام تیل کا جہاز آنے پر ریفائنری 10 فروری سے پیداوار کا آغاز کرے گی۔