اشتہار

’آج پورا سسٹم بے نقاب ہوگیا، دوبارہ اقتدار میں آکر ٹھیک کریں گے‘

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ آج پورا سسٹم بے نقاب ہوگیا ہے انشااللہ دوبارہ اقتدارمیں آکر اسے ٹھیک کریں گے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے چیف آف اسٹاف شبلی فراز نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتوں نے اپنا سیاسی کیریئر تباہ کر دیا ہے اور اب الیکشن سے بھاگ رہی ہیں کیونکہ وہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی مقبولیت کی وجہ سے پریشان ہیں۔ پیپلز پارٹی کے پاس تو سندھ حکومت ہے لیکن ن لیگ کی سیاست تو تباہ ہوگئی۔ لگتا ہے کہ ن لیگ تنہا نہیں بلکہ سب کو ساتھ لے کر ڈوبے گی۔

سینیٹر کا کہنا تھا کہ معیشت کو ٹھیک کرنے سے 15 جماعتوں کے اتحاد کو کس نے روکا ہے۔ لیکن ان کا مقصد تو کچھ اور تھا آتے ہی اپنے کیسز ختم کرائے اور اپنے فائدے کے لیے نیب قانون میں ترامیم کرالیں، عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔ جمہوریت کی باتیں رانا ثنا اللہ کے منہ سے اچھی نہیں لگتیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا بنیادی مقصد احتساب تھا جو ہم نہ کر سکے اور کیوں نہ کرسکے؟ یہ عمران خان نے بتا دیا اور اب پوری قوم کو پتہ چل گیا ہے۔ ہم نے بہت سے پروگرامز بنائے، اصلاحات کے منصوبے تھے لیکن ان اصلاحات کی پی پی اور ن لیگ نے ہمیشہ مخالفت کی۔ فیٹف قانون ہی دیکھ لیں، ن لیگ اور پی پی نے اسمبلی کا اکھاڑا بنا دیا تھا۔ آج فیٹف پر کریڈٹ لینی والوں جماعتوں نے پہلے اسی معاملے پر بلیک میل کیا تھا اور این آر او مانگا تھا۔

شبلی فراز نے کہا کہ ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں تھی۔ مانگے تانگے کے لوگوں سے حکومت چلائی۔ اب بھی عام انتخابات اپنے لیے نہیں ملک کے لیے مانگ رہے ہیں۔ آج کسی بھی تجزیہ کار، معاشی ماہر کو بلا لیں وہ بھی الیکشن کی بات کرے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں