سیئول: جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول اور اس کے آس پاس علاقوں پر کالے کیڑوں جنھیں ’’لو بگ‘‘ کہا جاتا ہے نے یلغار کر کے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
روئٹرز کے مطابق سیئول میں لَو بَگ نامی سیاہ رنگ کے پتنگوں نے ہائیکنگ ٹریلز پر ڈیرے ڈال دیے ہیں، اور آنے جانے والے لوگوں پر حملہ آور ہوتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درجہ حرارت بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے ان کیڑوں کے پھیلاؤ میں تیزی آ گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہائکنگ کرنے والوں کو ایک عجیب صورت حال کا سامنا کرنا پڑا، جیسے ہی پہاڑ کی چوٹی پر پہنچے ان پر ’لو بگ‘ کہلائے جانے والے لاکھوں کالے پروں والے کیڑوں نے دھاوا بول دیا۔
دیکھنے پر لگتا تھا جیسے کوئی سیاہ قالین بچھا ہے، کچھ لوگوں نے اِن لو بگز کو بھگانے کے لیے مچھر مارنے والی الیکٹرک ریکٹ استعمال کیے، خیال رہے کہ لو بگ کا نام ان کیڑوں کو جوڑوں میں اڑنے کی و جہ سے دیا گیا ہے، مادہ اور نر کیڑے ملن کے دوران ایک دوسرے سے جڑے ہوئے اڑتے ہیں۔
سیول میٹروپولیٹن علاقے میں موسم گرما کے دوران گرم آب و ہوا کی وجہ سے کیڑوں کی تعداد میں حالیہ برسوں میں اضافہ ہوا ہے، جب سے درجہ حرارت بڑھنے لگی ہے ان کیڑوں کے بارے میں شکایات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔