چھ ستمبرانیس سوپینسٹھ کو پاکستانی افواج نے جرات وبہادری کی لازوال داستان رقم کی اور دلیرجوانوں نے زمین پر دشمن کا غرورخاک میں ملادیا۔
تفصیلات کے مطابق چھ ستمبرانیس سوپینسٹھ جب جرات وبہادری کی لازوال داستان رقم ہوئی، بھارت نے واہگہ کے راستے پاکستان پر حملہ کیا تو پاکستانی قوم اورافواج پاکستان نے یکجان ہوکردشمن کےعزائم خاک میں ملادیے۔
6ستمبر 1965وہ دن ہےجب پاک افواج نےدشمن کی آنکھ میں آنکھ ڈال کرقائد اعظم کےدعوےکوسچ ثابت کیا کوئی طاقت پاکستان کومٹا نہیں سکتی، قوم کے بہادرسپوتوں نے جان دے دی لیکن دشمن کومقصد میں کامیاب نہ ہونے دیا۔
قیام پاکستان سے لے کر آج تک بے شمار مجاہدین نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اس پاک وطن کی حفاظت کی ہے ، پاک فوج وطن کی مٹی کا قرض اپنے لہو سے اتار رہی ہے اور پاکستانی قوم اپنے شہدا کے لہوکی مقروض ہے۔
وطن کی مٹی گواہ ہے کہ ہماری فوج نے ہمارے کل کی خاطر اپنے آج کو قربان کیا، دنیا بھرمیں پاکستان کا نام روشن اوردشمن کےمورچوں کوتاریک کرنے والی پاک فوج کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔
6 ستمبر کے دن بھارتی وزیراعظم لال بہادرشاستری نے پاکستان کے خلاف مکمل جنگ کااعلان کیا تو اس موقع پر فیلڈ مارشل ایوب نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں، ہمارے بہادرسپاہی دشمن کا حملہ پسپاکرنےکےلئےآگےبڑھ چکے ہیں۔
فیلڈ مارشل ایوب کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج اپنی جرات اور بہادری ثابت کریں گی، ہماری بہادرافواج کا جذبہ ناقابل تسخیر ہے، ہمارا عزم کبھی کمزورنہیں پڑا ، افواج پاکستان دشمن کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گی۔
برطانوی وزیراعظم ہیرالڈولسن نےبھارتی جارحیت کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت سے جنگ بندی کی اپیل کردی، 6 ستمبر1965کو لاہور پر بھارت کے حملے کو پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
پاک فوج کی واہگہ اوربیدیاں کے مقام پر بروقت کارروائی نے بھارتی حملہ پسپا کرتے ہوئے انہیں بھاری نقصان سے دوچار کیا، پاک فوج نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کوجنگی قیدی بنالیا۔
پاک فوج کی بہترین حکمت عملی کے باعث لاہور کے محاذ پر متعدد بھارتی ٹینک،بندوقیں اور دیگرجنگی سازو سامان تباہ کر دیا گیا، جسر کے مقام پرگھمسان کی جنگ کے بعد دریائےراوی کا جنوبی علاقہ بھارتی تسلط سے آزادکرالیا گیا۔
بازیاب شدہ علاقہ بھارتی فوجیوں کی لاشوں سے اٹھانا پڑا تھا،لاشوں کی تعداد 800 تک رپورٹ کی گئی، بھارتی افواج کو چھمب کے مقام پر بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا، تقریباً35 بھارتی فوجیوں کو جنگی قیدی بنالیا گیا۔
6 کے قریب 25 پاونڈز فیلڈ گنز بھی قبضہ میں لے لی گئیں جبکہ پاک فضائیہ نے پٹھان کوٹ کے ہوائی اڈے پر کامیابی سے حملہ کرتے ہوئے بھارت کے 22 جہاز تباہ کردیئے۔
1965 کی جنگ میں پاکستانی عوام کاجوش وخروش بھی دیدنی تھا، ہزار ہا شہری اپنے فوجی جوانوں کے شانہ بشانہ نعرے لگا کر فوجی جوانوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔