کراچی: نجی ایئر لائن سرین ایئر کل سے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن شروع کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نجی ایئر لائن سیرین ایئر کو انٹر نیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی جا چکی ہے، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا۔
نجی ایئر لائن سیرین ایئر اب متحدہ عرب امارات کے لیے فلائٹ آپریشن کا آغاز کل سے کر رہی ہے، سرین ایئر کی پہلی پرواز کل اسلام آباد سے شارجہ کے لیے روانہ ہوگی۔
واضح رہے کہ سرین ایئر شارجہ کے لیے ہفتہ وار 3 پروازیں آپریٹ کرے گی، اور یکم مئی سے دبئی کے لیے بھی پروازیں چلائے گی۔
سرین ایئر کے فضائی بیڑے میں جدید طیاروں کی شمولیت کا فیصلہ
سی ای او سرین ایئر صفدر ملک کا کہنا ہے کہ لاہور سے دبئی کے لیے ہفتہ وار 3 پروازیں اڑان بھرا کریں گی، انھوں نے کہا سیرین ایئر کی متحدہ عرب امارات کے لیے پروازیں شروع ہو نے سے ہم وطنوں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
سعودی ایوی ایشن گاکا نے بھی سرین ایئر کو سعودی عرب کے لیے فضائی آپریشن کی اجازت دے رکھی ہے۔
سی ای او سرین ایئر کے مطابق سعودی عرب میں فلائٹ آپریشن بحال ہو تے ہی پروازوں کا آغاز کر دیا جائے گا، انھوں نے کہا سرین ایئر لائن پہلے مرحلے میں جدہ اور ریاض کے لیے پروازیں آپریٹ کرے گی۔