راولپنڈی: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 27 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 27 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ آپریشن کے دوران متعدد ٹھکانے بشمول اسلحہ، بارود اور دھماکا خیز مواد تباہ کردیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گرد فورسز اور عام شہریوں کے خلاف کارروائی میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز بلوچستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دو سلی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا تھا فورسزکی جانب سے آپریشن کے دوران 6 خارجی دہشت گرد مارے گئے، دوسلی میں ہونے والی کارروائی میں 2 خارجی دہشت گرد گرفتار بھی ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز نے دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ایشام کے علاقےمیں کیا، ایشام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ایشام میں فائرنگ کے تبادلے میں 3 خارجی دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوئے، خارجی دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا۔