کراچی میں عید کا چاند نظر آنے کی خوشی میں ہوائی فائرنگ سے 11 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عیدالفطر کا چاند نظر آنے کے اعلان کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں کئی افراد کے زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ قصبہ کالونی میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے بچی زخمی ہو گئی، فرنٹیئر کالونی میں بھی نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
حیدری کے قریب نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے ایک شخص زخمی جب کہ میانوالی کالونی میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
علاوہ ازیں لانڈھی معین آباد نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ الاصف اسکوائر کے قریب ڈکیتی مزاحمت پرفائرنگ سےایک شخص زخمی ہوا۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب شہر بھر میں چاند رات پر سیکورٹی کے غیرمعمولی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ چھوٹی بڑی مارکیٹوں، تجارتی مراکز اور شاپنگ مالز کے اطراف سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
شہر میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور شاپنگ سینٹرز کے اطراف سڑکوں پر ٹریفک اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں۔