بلوچستان اور بالائی علاقے اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہے اور کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے جا چکا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقے بالخصوص شمالی اضلاع میں کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے۔ قلات منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ صوبے کا سرد ترین علاقہ رہا ہے جب کہ چمن کے علاقے دوبندی میں درجہ حرارت منفی 4، خواجہ عمران میں منفی 3 اور کوڑک ٹاپ میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
صوبائی درالحکومت کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 2، سبی میں 8، نوکنڈی میں 9، جیوانی میں 12، گوادر میں 11 اور تربت میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
چمن میں دو ہفتے سے وقفے وقفے سے برفباری اور بارشوں سے موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے۔ بارشوں سے اکثر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور کئی علاقوں میں 9 روز سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کوئٹہ چمن شاہراہ کوژک ٹاپ پر ٹریفک کی آمدورفت بحال، شاہراہ پر ہلکی دھند کے باعث ڈرائیورز کو محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید بارشیں اور برفباری، این ڈی ایم اے کی نئی ایڈوائزری جاری
دوسری جانب گلگت کے پہاڑوں اور بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے۔ ضلع استور میں ہوائی موڑ کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے استور ویلی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جب کہ شدید برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں۔