ملک بھر میں شب برات عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے، مساجد میں شب برآت کی مناسبت سے بابرکت محافل کا اہتمام کیا گیا۔
شہریوں نے رات بھر خصوصی عبادات و نوافل ادا کیے، مساجد میں علماء کرام اور مقررین نے شب برأت کی فضلیت بیان کی۔
رحمتوں اور مغفرت کی رات میں مساجد، گھروں، امام بارگاہوں میں مغرب سے صبح فجر تک خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا اور اگلے دن کا روزہ رکھنے کیلیے گھروں میں سحری کا اہتمام بھی کیا گیا۔
لوگوں نے مغرب اور عشاء کی نماز کے بعد اپنے پیاروں کی قبر پر فاتحہ خوانی کیلئے قبرستانوں کا رخ کیا اور ان کی مغفرت کیلیے فاتحہ خوانی کی۔
روایت ہے کہ اس رات سال بھر میں ہونے والے تمام امور کائنات،عروج وزوال ، کامیابی و ناکامی، رزق میں وسعت و تنگی موت وحیات اور کارخانہ قدرت کے دوسرے شعبہ جات کی فہرست مرتب کی جاتی ہے۔ اور فرشتوں کواپنے اپنے کاموں کی تقسیم کردی جاتی ہے۔