تازہ ترین

‘اسحاق ڈار نے ڈالر کی 2 قیمتیں رکھ کر پورا سسٹم تباہ کردیا ہے’

اسلام آباد : سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے اسحاق ڈار نے ڈالر کی 2 قیمتیں رکھ کر پورا سسٹم تباہ کر دیا ہے ، موجودہ حکومت بد حواس ہوگئی ہے،الیکشن کےعلاوہ راستہ نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپریل میں الیکشن ہونےجارہےہیں، موجودہ حکمرانوں کواندازہ ہوگیا ہے ان کے بس کی بات نہیں۔

شبر زیدی نے بتایا کہ کل گورنراسٹیٹ بینک کوتاجروں نے صنعتوں کی چابیاں دے دیں، ایک تاجر تو رونے لگا کہ ہم اب صنعتیں نہیں چلاسکتے، تاجر بھی اب سڑکوں پر آنے والے ہیں۔

سابق چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ پنجاب میں بھی الیکشن ہونےجارہےہیں، سیاسی خودکشی ہوگی کہ پنجاب میں الیکشن کرائیں اور وفاق میں نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سنا ہے شہباز شریف نے منی بجٹ کی منظوری دے دی ہے تواپوزیشن کو کیسے فیس کریں گے، اہم فیصلوں کے لیے ہمیں ایک مضبوط حکومت کی ضرورت ہے اور ایک مضبوط حکومت لانےکیلئےالیکشن کےعلاوہ راستہ نہیں ہے۔

شبر زیدی نے کہا کہ سابق سیکریٹری خزانہ وقار مسعود کو ایڈوائزر کیوں بنایا جا رہا ہے، وقار مسعود کو ایڈوائزر اس لیے بنایا جا رہا ہے کہ وہ غیرملکی فنڈزکی بات کریں گے۔

سابق چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈارکس منہ سےدوسرےممالک سےپیسےمانگیں گے، موجودہ حکومت بد حواس ہوگئی ہے،الیکشن کےعلاوہ راستہ نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سےقرض کی قسط حاصل بھی کرلی گئی تومسائل حل نہیں ہوں گے ، امریکا پاکستان میں سالانہ 8ارب ڈالر تک پورٹ فولیو سرمایہ چاہتاہے لیکن پاکستان میں مستحکم حکومت ہوگی توامریکا سرمایہ کاری کریگا یہ شرط رکھی گئی ہے۔

ڈالر کی قیمت کے حوالے سے شبر زیدی کا کہنا تھا کہ سب سےزیادہ خوفناک بات ڈالرکے ریٹ میں بہت زیادہ فرق ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی جوبھی قدر ہو حوالے میں قیمت بہت زیادہ ہے، اس وقت حوالےمیں ڈالر 260روپےمیں مل رہا ہے، حوالے میں اتنا بڑا فرق ہونے کا مطلب کسی کا ذاتی مفاد ہے، حوالےمیں فرق ختم نہیں کررہےکسی کو ذاتی فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔

سابق چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ چیزیں روکنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے،معاملات کوبہترکرناہوگا، اس وقت جو معاشی فیصلے ہو رہے ہیں اس سے معیشت کو نقصان ہو رہا ہے ایسا کوئی قانون نہیں کہ کس کا ایل سی کھولنا ہےاور کس کا ایل سی نہیں کھولنا، کل کو کسی کا جاننے والا ہوگا ایل سیل کھلوالے،عام صنعت کار تباہ ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے ڈالر کی 2 قیمتیں رکھ کر پورا سسٹم تباہ کردیا ہے، موجودہ حکومت بھی اپریل میں الیکشن ہوتے دیکھ رہی ہے اور موجودہ حکومت کوبھی یقین ہے کہ آئندہ حکومت عمران خان کی ہوگی۔

شبر زیدی نے مزید کہا کہ آئندہ حکومت کے آتے ہی ڈالرکی قیمت بڑھے گی تویہ سیاسی فائدہ اٹھائیں گے، یہ لوگ اس وقت ملک کا نہیں اپنے سیاسی مفاد کا سوچ رہے ہیں، نئی آنے والی حکومت کو بھی سمجھانا پڑے گا کہ یہ سب کیوں ہو رہا ہے، اس وقت جو کھیل کھیلاجارہا ہے کیا انہیں یقین ہے معیشت چلاسکیں گے۔

Comments

- Advertisement -