دنیائے کرکٹ میں تیز بولنگ میں مرد کرکٹرز کا راج ہوتا ہے مگر خواتین کرکٹر بھی اس میدان میں اب جھنڈے گاڑنے لگی ہیں۔
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی خاتون فاسٹ بولر شبنم اسماعیل نے ویمن کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کی تیز ترین گیند کرا کے ریکارڈ بُک میں تیز ترین خاتون بولر کے طور پر اپنا نام درج کرا لیا ہے اور یوں کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم ہو گئی ہے۔
آئی سی سی کی جاری رپورٹ کے مطابق ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں دہلی کیپٹلز کے خلاف ویمنز پریمیئر لیگ کے دوران میں ممبئی انڈینز کے لیے بولنگ کے دوران شبنم اسمٰعیل نے ایک گیند 132.1 کلو میٹر فی گھنٹے کے رفتار سے پھینکی جو اب تک ویمن کرکٹ میں کسی بھی بولر کی جانب سے کرائی جانے والی تیز ترین بال تھی۔
یہ پہلا موقع تھا جب خواتین کی کرکٹ میں کسی بولر نے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے بال بیٹر کی جانب پھینکی۔ یہ بال سامنے بیٹنگ کے لیے موجود آسٹریلیا ویمنز کی سابق کپتان میگ لیننگ کے پیڈ پر جا لگی۔
واضح رہے کہ شبنم اس سے قبل 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 128 کلو میٹر گی گھنٹے کی رفتار سے بھی بولنگ کروا چکی ہیں اور یوں انہوں نے تیز ترین بولنگ کرانے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑا ہے۔
نہ صرف یہ بلکہ انہیں 2022 میں آئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کے ایڈیشن کے دوران بھی دو بار 127 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کروانے کا اعزاز حاصل ہے۔
شبنم اسماعیل کے تیز ترین بولنگ کرانے کا راز کیا ہے اس حوالے سے انہوں نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بولنگ کراتے ہوئے بڑی اسکرین کی جانب نہیں دیکھتی ہیں۔