پیر, مارچ 3, 2025
اشتہار

پرانے بولنگ ایکشن پر دوبارہ محنت کررہا ہوں، شاداب خان

اشتہار

حیرت انگیز

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ پرانے بولنگ ایکشن پر دوبارہ محنت کررہا ہوں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان نے شاداب خان سے سوال کیا کہ ورلڈ کپ 2024 کے بعد سے آپ نے میچ نہیں کھیلا اس وقت میں بولنگ کو بہتر بنانے کے لیے کیا محنت کی ہے۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ جس طرح کا میرا ایکشن تھا اور بولنگ میں جو خامیاں تھیں کوشش کی ہے واپس پرانے بولنگ ایکشن پر جاؤں، اس میں مجھے رزلٹ اچھا ملتا تھا لیکن انجری کی وجہ سے کچھ ایسی چیزیں ہوئیں کہ مجھے ایکشن تبدیل کرنا پڑا۔

شاداب خان نے کہا کہ دوبارہ پرانے بولنگ ایکشن پر محنت کررہا ہوں، جو چیز نیچرل ہوتی ہے اس میں اعتماد زیادہ ہوتا ہے میری کوشش ہے کہ اسی پر کام کروں۔

واضح رہے کہ ذرائع کا یہ کہنا ہے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا بھی نام زیر غور ہے وہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لئے ایک مضبوط امیدوار ہیں۔

ذرائع کے مطابق میگا ایونٹ میں ناکامی کے بعد دورہ نیوزی لینڈ میں نوجوان ٹیلنٹ کو موقع ملے گا، کیویز کیخلاف سیریز میں شاداب خان یا سلمان علی آغا کو کپتانی مل سکتی ہے۔

قومی ٹیم نے 12 مارچ کو نیوزی لینڈ روانہ ہونا ہے جہاں پہلے مرحلے میں 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 16 مارچ سے شروع ہوگی، ذرائع کا کہنا ہےکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کی تیاری سے متعلق نوجوان کرکٹرز پر انحصار کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے 60 رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، تیسرا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں